PTI Supreme Court of Pakistan

مخصوص نشستوں کا فیصلہ: تحریک انصاف کا عمل درآمد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے عزیر بھنڈاری نے متفرق درخواست دائر کردی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو آزاد ارکان کے وابستگی سرٹیفکیٹ منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔

تحریک انصاف نے فیصلے پر الیکشن کمیشن کے ابہام ہونے کا جواب بھی جمع کرادیا، عدالت سے یہ استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو 12 جولائی کے مختصر فیصلہ پر عمل کا حکم دیا جائے اور الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست مسترد کی جائے۔

واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں(پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ) اراکین کی بنیاد پر تخلیق پانے والی خواتین اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دینے کی بجائے دیگر پارلیمانی پارٹیوں کو الاٹ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن اور پشاو رہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ پی ٹی آئی بحیثیت جماعت مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی قانونی و آئینی حقدار ہے۔