وزیراعظم سے میٹا وفد کی ملاقات، ‘متعلقہ حکام کو مسائل حل کرنے کی ہدایت’

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے میٹا وفد کو ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں استعداد سے آگاہ کیا اور متعلقہ حکام کو میٹا سے متعلق تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کی قیادت میں میٹا کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے شہباز شریف وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیا پیسیفک میں اپنی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا اور بریفنگ میں بتایا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں اطراف نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، تانیہ ایدروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔