Hira Cave Cable Car

غارِ حرا جانے کیلیے پہلی کیبل کار کا آغاز جلد متوقع

ریاض: سعودی عرب میں غار حرا تک کیبل کار پہنچانے کے پراجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کیبل کار کو آئندہ برس تک کھول دیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں غار حرا تک جانے کے لیے کیبل کار کا اسٹیشن مقدس پہاڑ پر 634 میٹر کی بلندی پر ہوگا۔ سمایا انویسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او فواز المحریج نے اعلان کیا ہے کہ غار حرا تک کیبل کار پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

پراجیکٹ کے سی ای او نے بتایا کہ پراجیکٹ کو زائرین کے لیے آئندہ برس کھول دیاجائے گا۔ کیبل کار منصوبہ “حارا کلچرل ڈسٹرکٹ” کا حصہ ہے جسے گزشتہ برس سعودی عرب میں کھولا گیا تھا اور یہ 67 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

غار حرا کی زیارت کے لیے پہاڑ کی بلندی اور اس تک جانے والی پتھریلی سڑک معمر زائرین کے لیے مشکل مرحلہ رہی ہیں لیکن اس برس ایک پکی سڑک کا افتتاح کیا گیا ہے جس سے کچھ سہولت ہوئی ہے۔

تاہم کارکیبل پراجیکٹ کھول دیے جانے کے بعد زائرین کے لیے مقدس پہاڑ کی بلندی تک جانے کے لیے سفر مزید آسان ہوجائے گا۔