Foriegn Office

پاکستان کا بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ واقعات میں بلکل کوئی کردار نہیں ہے، ترجمان

اسلام آباد: دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بنگلا دیش میں ہونے والے حالیہ واقعات میں کوئی کردار نہیں ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بنگلا دیش کے عوام کو پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔ بنگلا دیش میں ہونے والے حالیہ واقعات میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے 2019 میں اٹھائے گئے اقدامات کے بعد سے دونوں ممالک میں تجارت معطل ہے۔ پاکستان 2023 سے غزہ میں جنگ بندی پر زور دے رہا ہے۔ اس حوالے سے جنگ بندی کے لیے کیے گئے ہر اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کسی مذاکرات کا حصہ نہیں ہے۔ اسرائیل کے غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے۔ اس بارے میں او آئی سی کے بیان کی حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہیں۔ تورخم پر افغان فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے جواب دیا۔ آصف مرچنٹ کے حوالے سے کوئی اپڈیٹ نہیں ہے۔ امریکا کی طرف سے تفصیل کا انتظار ہے۔ پاکستان کو روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی پر تشویش ہے۔ دونوں ممالک پر تنازع کے پرامن حل کے لیے زور دیتے ہیں۔