اسرائیل نے القسام کے ڈاکیے کے ذریعے محمد ضیف کا سراغ لگایا اور شہید کردیا

غزہ: گزشتہ ماہ غزہ میں اسرائیل نے خان یونس کے علاقے میں بمباری میں عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف کو شہید کیا تھا۔

عرب میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ القسام بریگیڈز کے ایک پیغام رساں ڈاکیے کی وجہ سے اسرائیلی فوج محمد ضیف کے ٹھکانے کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئے۔

حماس کے ایک سیکیورٹی ذمے دار نے بتایا کہ ڈاکیے کو محمد ضیف کی خان یونس بریگیڈز کے کمانڈر رافع سلامہ کے ساتھ ملاقات کی جگہ کا معلوم تھا۔

اس ڈاکیے سے یہ معلومات ایک خفیہ ایجنٹ نے حاصل کرلیں اور یہ معلومات اسرائیلی فوج کو پہنچایا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے اس مقام پر بمباری کی جس میں محمد ضیف شہید ہوگئے۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو اسرائیل کے اس حملے میں القسام بریگیڈز کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر رافع سلامہ سمیت 90 سے زائد فلسطینی بھی شہید ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری نے اسی وقت بتایا تھا کہ حملے کے وقت رافع سلامہ اور محمد ضیف ایک ساتھ بیٹھے ہوئے تھے تاہم حماس نے انکار کیا تھا۔