اسلام آباد کے تھانوں کو اسمارٹ پولیس اسٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو اسمارٹ پولیس اسٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ نے دارالحکومت کے تھانوں کو اسمارٹ پولیس اسٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ روایتی تھانے خوف کی علامت بن چکے ہیں، سائل آنے سے پہلے کئی بار سوچتا ہے۔ خود بھی تھانوں کے دورے کرچکا ہوں ، اس دوران جو حالت زار دیکھی وہ ناقابل بیان ہے۔ اسلام آباد پاکستان کا چہرہ ہے۔ اسے عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے بلاتاخیر اسمارٹ پولیسنگ کی طرف جانا ہے۔ اسمارٹ پولیس اسٹیشن کے لیے ہر ممکن وسائل دیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خوش اخلاق و تعلیم یافتہ پولیس افسران کو اسمارٹ پولیس اسٹیشن میں تعینات کیا جائے گا۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت تھانوں کو اپ گریڈ کرکے اسمارٹ پولیس اسٹیشن میں تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے منصوبے پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپ گریڈیشن کے لیے کم لاگت کے ساتھ معیاری ڈیزائن تیار کیا جائے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے دیگر عمارتوں میں قائم تھانوں کے لیے اراضی کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے لیے میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ ہر لحاظ سے فٹ، تعلیم یافتہ اور میرٹ پر پورا اترنے والے نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ پولیس کے سائلین کے ساتھ رویے میں بھی مثبت تبدیلی ضروری ہے۔

اس موقع پر اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈی آئی جی آپریشنز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔