Saudia Arabia Flag

سعودی فرماں روا نے کابینہ کو فیصلے کرنے کی اجازت دے دی

ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے کابینہ کو ان کے اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے بغیر کابینہ اجلاس طلب کرنے کی اجازت دے دی۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان نے شاہی فرمان جاری کیا اور کابینہ کو ان کے اور وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان کے بغیر اجلاس طلب کرنے کی اجازت دی ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان یا ان کے نائبین کی عدم موجودگی میں فرماں روا کے والد کنگ عبدالعزیز کے خاندان سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے بزرگ رکن کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوگا۔

مزید کہا گیا کہ کابینہ میں ہونے والے فیصلوں پر چیئرمین کے دستخط ہوں گے۔

خیال رہے کہ 88 سالہ شاہ سلمان کو رواں برس مئی میں پھیپھڑوں کے عارضے کے باعث طبی امداد دی گئی تھی اور اسی وجہ سے ولی عہد محمد بن سلمان کو جاپان کا سرکاری دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔

بعدازاں ایک ہفتے کے اندر شاہ سلمان نے کابینہ اجلاس کی صدارت کی تھی اور سرکاری ٹی وی نے اجلاس نشر کیا تھا جس میں انہیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے دیکھایا گیا تھا۔