مشتعل مظاہرین پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر موجود ہیں - فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیشی طلبا رہنما کا صدر محمد شہاب الدین کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم

بنگلا دیشی سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد طلبا تحریک نے فوجی قیادت یا حمایت والی حکومت قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے پارلیمنٹ دوپہر 3 بجے تک تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاجی مہم چلانے والے طلبا کی قیادت کرنے والے ناہد اسلام نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے صدر محمد شہاب الدین کو آج، منگل کی دوپہر 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے سخت الفاظ میں الٹی میٹم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج دوپہر 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل نہ کی گئی تو کل (بدھ) سے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ناہد اسلام کے ساتھ طلبا تحریک کے دیگر رہنما آصف محمود اور ابوبکر مجمدار بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ فاشسٹ حسینہ کا تختہ الٹ کر فتح کی جانب قدم بڑھا دیا ہے، اس کامیابی کو مختلف قوتیں ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ آزادی پسند طلبا عوام اس ملک کو فاشسٹ حکومت سے آزاد کرانے اور ایک نئے بنگلا دیش کی تعمیر کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔