اسرائیل کی حزب اللہ پر حملے کی تیاری؛ لبنان کی پروازیں معطل، غیرملکیوں کا انخلا

اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کی دھمکی کے بعد امریکا، اٹلی اور جرمنی نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے جب کہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک نے سفری انتباہ جاری کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گولان کی پہاڑیوں کے علاقے مجدال شمس کے دروز قصبے پر راکٹس حملے میں 12 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس کا الزام حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے اسرائیل نے لبنان میں حملے کی دھمکی دی ہے۔

اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کے لیے تیاری مکمل کرلی جس کے بعد لفتھانسا، ایئر فرانس، ٹرانساویا اور آسٹرین ایئر لائنز نے بیروت جانے والی پروازیں معطل کر دیں۔
یہ خبر پڑھیں : ہر خطرے کیخلاف اسرائیل کی سلامتی کیلیے لوہے کی ڈھال بنیں گے؛ امریکا

دوسری جانب امریکا، اٹلی اور جرمنی نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر واپس آنے یا کسی دوسرے محفوظ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک پہلے ہی لبنان کے لیے ٹرویل ایڈوائزری جاری کر چکے ہیں۔

حزب اللہ نے اسرائیلی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں ہمارے جنگجو ملوث نہیں۔ عوامی مقامات پر حملے نہیں کرتے۔

تاہم اسرائیل اور امریکا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ان حملوں میں حزب اللہ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔