Court Order

مقامی مشروب ساز کمپنی کے مالک ذوالفقار احمد کی 5 روز بعد گھر واپسی

کراچی: کراچی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے مقامی مشروب ساز کمپنی کے مالک ذوالفقار احمد 5 روز بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ ذوالفقار احمد کے اہل خانہ نے ان کی لاہور میں اپنے گھر واپسی کی تصدیق کردی ہے اور کہا کہ ان سے رابطہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی معروف مشروب ساز کمپنی کے مالک ذوالفقار احمد لاہور میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ذوالفقار احمد کو چند روز قبل کراچی میں ماڑی پور روڈ سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جس پر ان کے اہل خانہ نے پولیس میں مقدمہ درج کرلیا تھا اور سندھ ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرلیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سماعت کے بعد وفاقی وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ او دیگر کو نوٹس جاری کردیے تھے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ 23 جولائی کو ذوالفقار احمد کلفٹن آفس سے اپنے دوست قیصر کے ساتھ میٹنگ کے بعد نکلے تھے اور آگرہ تاج ماڑی پور سے 8 افراد نے ڈبل کیبن گاڑی میں روک کر ذوالفقار احمد اور قیصر کو اپنے ساتھ لے گئے۔

وکیل نے کہا تھا کہ اغوا کاروں نے تھوڑا دور جا کر قیصر کو چھوڑ دیا اور قیصر نے ذوالفقار احمد کے گھر والوں کو تفصیلات سے آگاہ کردیا جبکہ ذوالفقار احمد کا کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔