PTI Flag

تحریک انصاف آفیشل ویب سائٹ کی بندش کیخلاف عدالت پہنچ گئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنی آفیشل ویب سائٹ غیر اعلانیہ طور پر بند کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ویب سائٹ کی بندش کے خلاف درخواست دی گئی ہے جس میں اسے بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ انصاف ڈاٹ پی کے کو پاکستان میں بلاک کردیا گیا ہے، ویب سائٹ کا مقصد عوام کو تحریک انصاف کی سرگرمیوں سے آگاہ رکھنا تھا جبکہ اس پر پی ٹی آئی کا منشور، قیادت کی معلومات بھی عوام کو فراہم کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران عوام کو تحریک انصاف کے امیدواروں کی معلومات بھی ویب سائٹ کے ذریعے دی گئں تھیں، ویب سائٹ کی بندش اور قدغن ائین کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔

عمر ایوب اور شبلی فراز نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ فریقین کو تحریک انصاف کی ویب سائٹ سے قدغن ہٹانے اور بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ درخواست میں سیکرٹری اطلاعت، چیئرمین پی ٹی اے اور سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔