جوبائیڈن کا امریکی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان

واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کا اعتماد کھونے کے بعد دوسری مدت کے لیے اپنی مہم ختم کرتے ہوئے امریکی صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ جنوری 2025میں اپنی مدت کے اختتام پر صدر اور کمانڈر انچیف کی حیثت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے وہ قوم سے خطاب کریں گے۔

جوبائیڈن نے امریکی قوم کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘آپ کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر مجھے بڑا فخر ہے اور میرا ارادہ دوبارہ صدارت کے لیے انتخاب میں حصہ لینا تھا، میرا ماننا تھا کہ یہ میری پارٹی اور میرے ملک کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں انتخاب لڑوں اور بحیثیت صدر میں اپنی بقیہ مدت کے دوران اپنے فرائض انجام دینے کے لیے پوری توجہ دوں’۔

ڈیموکریٹس سے تعلق رکھنے والے 81 سالہ جوبائیڈن نے ان کی جگہ پارٹی کے صدارتی امیدوار کے حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا۔