Ambulance

کراچی؛ 5 بچے سیوریج کے گہرے کنویں میں گر گئے، 2 جاں بحق

کراچی: میمن گھوٹھ کھوسہ محلے میں 5 بچےسیوریج کے گہرے کنویں میں گرگئے، جن میں سے 2 جاں بحق ہو گئے جب کہ 3 کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس میں سے ایک بچہ زخمی ہے۔

یوم عاشور پر میمن گوٹھ تھانے کےعلاقے گلستان مصطفیٰ کالونی کھوسہ محلے میں 5 بچے سیوریج کے کنویں میں گرگئے۔ اطلاع ملنے پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو سیوریج کے کنویں سے نکالا۔ گہرے کنویں میں گرنے کے سبب 2 بچے موقع پرجاں بحق ہوگئے جب کہ ایک زخمی سمیت 3 بچوں کو بے ہوشی کی حالت یں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس جائے وقوع پر پہنچی، جہاں ایس ایچ او میمن گوٹھ سرفرازجتوئی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 4 سالہ حسنین اور11 سالہ طہ شامل ہیں۔ 2 بچوں رویزولد حق نوازاورثاقب ولد عابد کھوسوکوفوری طبی امداد دینے کے بعد بہ حفاظت ان کے گھر پہنچا دیا گیا ہے جب کہ جب کہ عباس ولد امتیاز لاشاری نامی زخمی بچہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچے پانی کی سبیل کے لیے گلی میں جمع تھے۔ اس دوران کئی بچے سیوریج کے کنویں کے ڈھکن پرکھڑے تھے کہ اچانک وزن بڑھنے سے کنویں کا ڈھکن ٹوٹ گیا اور 5 بچے گہرے کنویں میں جاگرے۔

جاں بحق ہونے والے بچے حسنین کی دادی اطلاع ملنے پر غم سے نڈھال ہوکر بے ہوش ہو گئیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم بزرگ خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کھوسہ محلہ گلستان کالونی میں سیوریج کے لیے کھودے جانے والے کنویں کے اوپر سبیل لگائی گئی تھی۔ کنویں کی چھت کمزور ہونے کے باعث گرگئی اورکئی بچے سیوریج میں جاگرے۔ علاقہ مکین علی مراد کھوسہ نے بتایا کہ بچوں کو بچانے کے لیے میں کنویں میں اترا۔ 2 بچوں کو میں نے نکالا، جن میں میرا بھانجا حسنین فوت ہوگیا اور دوسرا بچہ طہ لاشاری تھا وہ بھی فوت ہوگیا۔