Summer Weather

یومِ عاشور: کراچی میں گرمی کی شدت 50 ڈگری سے زائد محسوس

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں یومِ عاشور کے موقع پر گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شمالی بحیرۂ عرب پر موجود ہوا کے کم دباؤ سے کراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شہر میں شمال مشرق سے گرم اور نم آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کے زائد تناسب کے باعث گرمی کی شدت 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر رہی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں گرمی کو محسوس کرنے کی شدت 50 ڈگری سے تجاوز کر رہی ہے۔

کراچی کے مضافات میں بارش کا امکان
اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں گرمی اور حبس کی وجہ بتاتے ہوئے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں، شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

مون سون ہوائیں مسلسل سندھ میں داخل
مون سون ہوائیں مسلسل سندھ میں داخل ہو رہی ہیں، آج سے 20 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ اور بدین میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 20 جولائی تک ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، حیدرآباد، مٹیاری، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے، ان علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔