Sindh Government

وزیراعلیٰ سندھ نےشہر سے تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دے دیں

کراچی مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی کو تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈی سی اور پولیس ان تجاوزات کو ہٹانے میں بھرپور مدد کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے مسائل پر اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کی سڑکوں اور گرین بیلٹ پر تجاوزات پر برہمی کا اظہار کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کون سے اختیارات کے تحت کوئی بھی ان تجاوزات کی اجازت دیتا ہے؟ اگر شہر میں تجاوزات جاری رہے تو میں ان علاقوں کے تمام افسران کے خلاف کارروائی کروں گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ مصروف ہے، جبکہ دوسری طرف کچھ لوگ شہر میں تجاوزات کرنے میں مصروف ہیں، کوئی بھی فٹ پاتھ، گرین بیلٹ، سروس روڈ پر تجاوزات کی اجازت نہیں دے سکتا، کچھ نجی دفاتر نے فٹ پاتھ پر اپنے جنریٹر رکھے ہوئے ہیں، تمام تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بلدیاتی اداروں، پولیس اور شہری انتظامیہ کو ہدایت کردی ہے۔

مراد علی شاہ نے حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے تجاوزات ہٹانے کی بھی ہدایت کردی، وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام پارکنگ پلازا کو فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی یا سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سڑکوں پر ملبہ چھوڑ دیا جاتا ہے، جس پر فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری و غیر سرکاری عمارت تعمیر کرنے والے سڑکوں پر ملبہ نہیں ڈالیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایسے بلڈرز کے خلاف کارروائی کرے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی رشید سولنگی، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین اور تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔