President House Islamabad

ٹی وی نہیں دیکھتا وہاں میری غیبت ہوتی ہے، آصف زرداری

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں ٹی وی نہیں دیکھتا ٹی وی میں میری غیبت ہوتی ہے جسے اپنے لیے ثواب سمجھتا ہوں، جتنی تنقید مجھ پر ہوئی کسی اور پر نہیں ہوئی۔

پاکستان کے نامور صحافی وارث میر کی یاد میں لاہور الحمرہ آرٹ کونسل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے۔ تقریب میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ، حسن مرتضیٰ، حامد میر، فیصل میر سمیت راجہ پرویز اشرف، رضا ربانی اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت نے شرکت کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں صحافی، ادیب، سیاست دان اور سول سوسائٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے۔

وارث میر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اس سیمینار سے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ زندگی میں ہر کسی پر آزمائش آتی ہے اور ہر آزمائش کا سامنا کرنا ہے، میں ٹی وی نہیں دیکھتا ٹی وی میں میری غیبت ہوتی ہے جسے اپنے لیے ثواب سمجھتا ہوں، جتنی تنقید مجھ پر ہوئی کسی اور پر نہیں ہوئی۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ میں آزادی صحافت کے ساتھ ہوں، ہمارا ایمان ہے جانا اس دن ہے جب مولا کو لے جانا ہے، آج سوشل میڈیا کا دور ہے ہر بات دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں تاہم سوشل میڈیا میں بھی گروپنگ نظر آتی ہے۔