وزیر داخلہ کا اے این ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ڈرگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کا ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے خیر مقدم کیا۔

محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا۔

وزیر داخلہ نے کم وسائل کے باوجود ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے عوام کو منشیات سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کیا گیا۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور ہاسٹلز میں منشیات کی خرید و فروخت روکنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں ہوگا جس میں صوبوں کے وزراء ایکسائز اور آئی جی پولیس کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کےلیے بھی پلان طلب کیا گیا۔