آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان

لاہور: آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا اسپیل 7 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران صوبے بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ لاہور سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانولہ ،فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ دریائے سندھ، چناب ،راوی ، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دیں اورکہا کہ شہری دریاؤں، ندی نالوں کی غیرضروری کراسنگ سے گریز کریں۔ بجلی کے تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ییلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔