Tosha Khana

توشہ خانہ سے اب 3 سو ڈالر سے زائد مالیت کا تحفہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، کابینہ ڈویژن

کابینہ ڈویژن کے اسپیشل سیکریٹری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ اب توشہ خانہ سے 3 سو ڈالر سے زائد کا تحفہ حاصل نہیں کیا جاسکے گا، تحائف کی نیلامی کی جائے گی یا اہم عمارتوں میں ڈسپلے کیے جائیں گے۔

رانا محمود الحسن کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری برائے کابینہ ڈویژن نے بریفنگ دی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں 117 معاملات زیر التوا ہیں اس پر اسپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن میں کوئی معاملہ زیر التوا نہیں ہے، توشہ خانہ کو بھی کابینہ ڈویژن دیکھتی ہے، توشہ خانہ سے 3 سو ڈالر سے زیادہ کا تحفہ اب حاصل نہیں کیا جاسکے گا، وزارتی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ تحائف کی نیلامی کی جائے گی یا اہم عمارتوں میں ڈسپلے کیے جائیں گے، تین سو ڈالر سے کم کے تحائف حاصل کرنے کیلئے تحفے کی قیمت کا تعین کرنا ہوتا ہے۔