Senate Election

الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 سینیٹ سے منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

اسلام آباد: سینیٹ میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جہاں اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شور شرابا کیا اور بل پر شدید تنقید کی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ میں بھی پیش کردیا، جس کے بعد قائد حزب اختلاف سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے اس کی مخالفت کی۔

سینیٹ نے کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان کو قومی اسمبلی نہ بنائیں، اگر رویہ تبدیل نہیں ہوا تو ایکشن لوں گا۔

ایوان بالا سے منظور ہونے والے ترمیمی بل کے تحت الیکشن کمیشن ریٹائرڈ ہائی کورٹ کے ججوں کو بطور ٹربیونل تعینات کرسکے گا، جس کے لیے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 140 میں ترمیم کی گئی ہے۔