عمران خان کی گرفتاری بلاجواز اور انھیں نااہل قرار دینے کیلیے تھی، یواین انسانی حقوق گروپ

نیویارک: اقوام متحدہ انسانی حقوق ورکنگ گروپ کا کہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی حراست کا فیصلہ من مانی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری انھیں نااہل قرار دینے کے لیے تھی۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے گروپ کی یہ رائے سابق وزیر ذلفی بخاری کی لاء فرم کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اقوام متحدہ میں دائر پٹیشن پر سامنے آئی۔

یواین ورکنگ گروپ نے عمران خان کو دفاع کا حق فراہم نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔

یواین ورکنگ گروپ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پٹیشن پر پاکستانی حکومت کا مؤقف جاننے کی کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔