Karachi Rainy Season

بارشوں سے متعلق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال

کراچی: نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے سندھ، پنجاب میں بارش سے متعلق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو فعال کردیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے اہم موسمی سرگرمی کی اطلاع کے پیش نظرنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکوفعال کردیا گیا ہے، تمام صوبوں کے ساتھ بار بار کی پیشگی وارننگز کا اشتراک کیا جارہا ہے۔

2 جولائی سے تمام بڑے دریاؤں خاص طور پرستلج، راوی اور چناب پر درمیانی سے بھاری بارش شروع ہونے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے آسمانی بجلی گرنے کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ 5 سے 7 جولائی کے دوران اسلام آباد، جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔

میٹروپولیٹن علاقوں میں بارش کا پانی اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتا ہے، متوقع بارشوں سے دریائے ستلج میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا بھی خطرہ ہے، 5 جولائی سے پانی کی نچلی سطح (تقریباً 50,000 کیوسک)جبکہ10 جولائی تک اونچے سیلاب کی سطح (تقریباً 120,000 کیوسک) تک پہنچ جائے گی۔

این ڈی ایم اے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ اس ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اورتیاری کو یقینی بنایا جا سکے، عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سیلابی صورتحال کے دوران برقی آلات سے دوررہیں جبکہ مسافروں کومشورہ دیا جاتا ہےکہ وہ شدید بارشوں اورممکنہ سیلابی صورتحال کی صورت میں غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔