پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی مد میں صوبے کو 590 ارب روپے دینے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سراسر جھوٹ بول رہے ہیں۔
وزیراعظم کے بیان پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے مشیراطلاعات نے کہاکہ یہ رقم 2010ء میں سوات آپریشن کے تعمیر و بحالی کے کاموں پر خرچ ہوئی۔ این ایف سی کے تحت بقایاجات تاحال نہیں ملے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بجلی کمپنیوں کو شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کردیا، وزیرتوانائی سندھ
انہوں نے کہاکہ نااہل ٹولہ دہشت گردی جیسے اہم معاملے پر بھی سیاست کررہاہے۔ عزم استحکام کے حوالے سے بھی نااہل ٹولے نے فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردی صرف خیبر پختون خوا کا مسئلہ نہیں ہے پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ صوبے سے زیادہ وفاق کی ذمے داری ہے کیوں کہ بارڈرز وفاق کے زیرانتظام ہیں۔ وفاق نے دہشت گردی سمیت ہر مد میں معاشی طور صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔