خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے وکیل کو گرفتار کرلیا گیا

خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے وکیل کو گرفتار کرلیا گیا
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے وکیل کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل فتح اللّٰہ برکی کو تھانہ رمنا پولیس نے گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ 29 مئی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس کے دوران پی ٹی آئی وکلاء نے خاور مانیکا پر احاطہ عدالت میں حملہ کردیا تھا۔

جج شاہ رخ ارجمند کے چیمبر میں جانے کے بعد پی ٹی آئی وکلاء نے عدالت میں خاور مانیکا کو بوتلیں ماریں، تحریک انصاف کے وکلاء نے خاور مانیکا کو احاطہ عدالت میں تھپڑ بھی مارے۔ پی ٹی آئی وکلاء کے حملے میں خاور مانیکا زمین پر گر پڑے۔

بعدازاں خاور مانیکا نے اپنے اوپر ہونے والے تشدد کے معاملے پر اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

آج اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے خاور مانیکا تشدد کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللّٰہ برکی کی ضمانت خارج کردی تھی۔