President House Islamabad

بیشتر ارکان پارلیمنٹ کے پاس اسمگلڈ گاڑیاں ہیں، فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بیشتر ارکان پارلیمنٹ کے پاس اسمگلڈ گاڑیاں ہیں، گزشتہ تاریخوں میں نوٹیفکیشن کیا جا رہا ہے جو جرم ہے، وزیر خزانہ، وزیر صنعت کو معلوم ہی نہیں۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کا سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سینیٹر فیصل واوڈا نے آٹو موبائل سیکٹر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن 12 فروری کا نکالا گیا مگر جاری ابھی کیا گیا، وزیر خزانہ، وزیر صنعت، متعلقہ سیکریٹریز اور چیئرمین ایف بی آر کو بلا کر پوچھیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ مراعات دے کر واپس لینا مجرمانہ غفلت ہے اس پر سخت ایکشن ہونا چاہیے، اس ملک میں سرمایہ کاری کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے، اگر انڈسٹری کو تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا تو مزید سرمایہ کاری نہیں ہوگی، یہ ایک بڑا اسکینڈل ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پالیسی دی گئی، بعد میں تبدیلی کرکے سرمایہ کاری کو نقصان پہنچایا گیا، ایس آئی ایف سی کی پالیسی کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے، مجھے یہ پتہ ہے کون کون اس میں ملوث ہے نام لینے میں ایک سیکنڈ نہیں لگے گا، میں کاروباری آدمی ہوں مجھے معلوم ہے اسیکنڈل میں کون کون ملوث ہے۔