Heat Wave

کراچی میں عید کے تینوں دن موسم گرم رہنے کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی میں عید کے 3 روز کے دوران موسم گرم ومرطوب رہنے کی پیش گوئی کردی۔

شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے 3 روز کے دوران موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 50 تا 60 فیصد ہونے کے سبب حدت رہے گی، صبح سے دوپہر کے درمیان مغربی اور شام کے وقت سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے دیگر مقامات پر موسم گرم اور شدید گرم رہ سکتا ہے، ضلع تھرپارکر کے چند مقامات پر مطلع جزوی تا مکمل اور بونداباندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اتوار کو گرم دن ریکارڈ ہوا اور معمول کے درجہ حرارت سے 0.8 ڈگری زیادہ گرمی ریکارڈ ہوئی، پارہ 36.4 ڈگری تک پہنچ گیا تھا، جس کی وجہ بلوچستان کی گرم و مرطوب ہواؤں کا اثر تھا، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد رہا۔

اسی طرح دیہی سندھ کے علاقے جیکب آباد میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔