Karachi Traffic Jam

کراچی میں شدید ٹریفک جام، ہزاروں شہری پھنس گئے

کراچی: کورنگی روڈ پر وکلا کے احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے تنیجے میں دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک میں پھنس گئے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

وکلا اور قانونی نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد وکلا نے رات گئے اختر کالونی کے علاقے میں کورنگی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کردیا۔

احتجاج کے باعث صنعتی ایریا اور بندرگاہ سے آنے جانے والے سیکڑوں ٹرکس اور کنٹینرز پھنس گئے۔ وکلا نے کئی گھنٹوں بعد سرکاری ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا لیکن ٹریفک اس قدر بری طرح جام ہوا کہ دوپہر تک بحال نہیں ہوسکا۔

سڑک پر گاڑیوں کی روانی بحال کرنے کےلیے ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلوچ کالونی پل، کورنگی روڈ، ایکسپریس وے اور کاز وے پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔ دفاتر اور اپنے کاموں پر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔