Lahore High Court

لاہور ہائیکورٹ: اظہر مشوانی کے بھائیوں کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے 2 مغوی بھائیوں کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے 2 مغوی بھائیوں کی بازیابی کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب، کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مغویوں کو بازیاب کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس سید شہباز علی رضوی نے قاضی حبیب الرحمٰن کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت نے کل تک پروفیسر ظہور اور پروفیسر مظہر کو پیش کرنے کاحکم دے دیا۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے پوچھا کہ آپ نے پہلے پولیس کو کیوں درخواست نہیں دی؟، جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس سے پہلے بھی 100 دن تک گرفتار رکھا پھر چھوڑ دیا، دونوں بھائیوں کے والد کو بھی اٹھا کر لے گئے، ان کے والد کی طرف سے درخواست دائر کی ہے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جسٹس سید شہباز رضوی نے پوچھا کہ 100 دن کس کے پاس رہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وہ ڈسکلوز نہیں کرتے، خود ہی چھوڑ دیا تھا، عدالت نے کہا کہ وہ نہیں کرتے تو آپ کو تو پتا ہے۔