کراچی صدر موبائل مارکیٹ میں چھینے گئے فونزکے آئی ایم ای آئی بدلنے والے دکاندار گرفتار

کراچی: گارڈن پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے چھینےاورچوری شدہ موبائل فونزکی آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والے گروہ کے3ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے ڈکیتی،چوری،چھینے ہوئے 17 موبائل فونزاور1 موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔۔

تفصیلات کے مطابق گارڈن پولیس نےانٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے چھینے اورچوری شدہ موبائل فونزکی آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والے گروہ کے3ملزمان سمیر، محمد عاطف اورخالد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ڈکیتی،چوری،چھینے ہوئے 17 موبائل فونز اور1 موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان اعلی تعلیم یافتہ ہیں اورآئی ٹی میں مہارت رکھتے ہیں، جو مختلف سافٹ ویئرزکی مدد سے مسروقہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان مسروقہ موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی بیرون ملک سے درآمد شدہ موبائل فونزاورکی پیڈ موبائل فونزسے تبدیل کرکے ایکٹوکرتے تھے۔ ان سے برآمدہ موبائل فونزمختلف تھانہ جات کی حدود سے چھینے اورچوری شدہ ہیں۔

ملزمان ابتک سینکڑوں لوٹے گئے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کرچکے ہیں۔ انہوں نے دوران تفتیش متعدد دکانداروں کے نام لئے ہیں جو ان سے مسروقہ موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تبدیل کرواتے تھے۔

گرفتار ملزمان سینکڑوں نان پی ٹی اے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی بھی تبدیل کرکے ایکٹو کرچکے ہیں۔ ملزم عاطف اورخالد کی صدر ڈپلومیٹ مارکیٹ میں موبائل شاپ ہیں ۔ دونوں آپس میں پارٹنرز ہیں ۔ ملزم سمیر کی اپنی علیحدہ شاپ ہے جو اسی مارکیٹ میں ہے۔ ان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔