کراچی پولیس نے کباڑ خانوں سے متعلق قانون سازی کیلئے ڈرافٹ تیار کر لیا

کراچی: شہر قائد کی پولیس نے کباڑ خانوں سے متعلق قانون سازی کیلئے ڈرافٹ تیار کر لیا، ڈرافٹ منظور ہوتے ہی سندھ حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔

شہر بھر میں چھوٹے بڑے 4 ہزار سے زائد کباڑ خانے نئی قانون سازی کے تحت کاروبار کریں گے، کراچی پولیس نے کباڑ خانوں کو باقاعدہ حکومت سے رجسٹر کرنے کی سفارش کر دی۔

تمام چھوٹے بڑے کباڑ خانوں پر ضلعی انتظامیہ یا دیگر ادارے رجسٹریشن کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس رکھیں، کباڑی جن چیزوں کی اجازت ہوگی وہی خرید سکیں گے، تمام چھوٹے بڑے کباڑ خانے کمپریس مشین کی جگہ پر کیمرے لگائیں گے۔

قانون سازی میں سفارش کی گئی ہے کہ تمام کباڑ خانوں کو باقاعدہ لائسنس جاری کیا جائے، کباڑ خانوں کیلئے اوقات کار اور جگہ کا تعین کرنے کی سفار ش بھی دی گئی، کباڑیئے جو بھی چیزیں خریدیں گے اس کی انٹری اور تفصیلات باآسانی پولیس سمیت دیگر ادارے حاصل کرسکیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق کباڑ خانوں کی مانیٹرنگ سے تمام افراد ٹیکس بھی ادا کریں گے، نشئی لوہے سمیت دیگر سامان گلی محلوں میں کباڑیوں کو فروخت کرتے ہیں جس سے جرائم اور نشئی افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع پولیس کے مطابق شہر بھر میں آپریشن کے دوران 85 کباڑیوں کو چوری کا سامان خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، ایس ایس پی اے وی ایل سی سمیت دیگر افسران نے ڈرافٹ تیار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کباڑ خانوں پر مانیٹرنگ سے شہر بھر سے موٹر سائیکل چوری کی واراتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔