تجارتی جہازوں کی حفاظت کیلیے پی این ایس اصلت بحرہند میں تعینات

اسلام آباد: پاک بحریہ نے تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے بحری جنگی جہاز پی این ایس اصلت کو ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت پر بحرہند میں تعینات کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے بحری جنگی جہاز پی این ایس اصلت کو ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت پر بحرہند میں تعینات کر دیا، یہ جہاز مخصوص ہیلی کاپٹر کے ساتھ پاکستانی بندرگاہوں پر آنے اور جانے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔

پی این ایس اصلت کی تعیناتی کا مقصد بین الاقوامی جہاز رانی کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے، تعیناتی کے دوران پا ک بحریہ کا جہاز اپنے آپریشنز کے علاوہ دوست اور شراکت دار ممالک کے ساتھ مشترکہ آپریشنز میں بھی حصہ لے گا، پی این ایس اصلت بحری سفارت کاری کے تحت علاقائی بندرگاہوں کا دورہ بھی کرے گا۔