Govt of Punjab

مریم نواز اتنی ویلی نہیں کہ تانگہ پارٹی کے ہر کارندے پر نظر رکھیں، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اتنی ویلی نہیں کہ وہ تانگہ پارٹی کے ہر کارندے پر نظر رکھیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل حکام کے مطابق پرویزالہیٰ واش روم میں گرے اور زخمی ہوئے، بیرسٹر سیف مریم نواز پر الزام لگانے سے قبل اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ پڑھ لیتے۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ اپنے وزیر اعلیٰ کاعلاج کرائیں جوافسران کو اینٹیں مارنے کے مشورے دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ کے بیٹے کو والد کی فکر نہیں، بیرسٹر سیف بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا رول ادا کر رہے ہیں، تانگہ پارٹی نے اپنے ہر جرم کا الزام مریم نواز پر لگانا وطیرا بنالیا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے صوبے کی عوام کی خدمت کے علاوہ اور کسی مخالف پر توجہ نہیں دے رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور ہو یا بیرسٹرسیف سب نے بانی پی ٹی آئی کا جھوٹا کھایا ہے، اپنےلیڈر کی طرح الزام برائے الزام کی سیاست ہی ان کا مشغلہ ہے.