KP Government Logo

خیبر پختونخوا نے پرویز الہی کے طبی معائنے کےلیے رسائی مانگ لی

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پرویز الٰہی پراڈیالہ جیل میں تشدد کی خبروں پر ردعمل میں کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کیساتھ اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کا رویہ تشویشناک ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت مطالبہ کرتی ہے کہ انکی میڈیکل ٹیم کو چوہدری پرویز الہی کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت اور رسائی دی جائے، ہم یہ تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ گر کر زخمی ہوئے ہیں یا ان پر تشدد کیا گیا ہے، ہمیں شدید تشویش ہےکہ مریم نواز ذاتی انتقام کو لیکر سیاسی مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی،پرویز الہی سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی پنجاب جیل میں حفاظت پر ہمیں تشویش ہیں۔ مریم نواز کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر پرویز الہی پر تشدد ثابت ہوگیا تو آپ کیخلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خیبر پختونخوا کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الہی تک رسائی نہیں دی گئی تو ہم ہر قسم کی قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔