National Assembly of Pakistan

ملک کے 33ویں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا

اسلام آباد: قومی اسمبلی آج نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی جس کے لیے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

نامزد وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ شہباز شریف کو 336 رکنی ایوان میں سے 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کو 90 سے زیادہ ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

ووٹنگ مکمل ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی کی موجودگی میں گنتی ہوگی اور گنتی مکمل ہونے پر اسپیکر نئے وزیراعظم کا اعلان کریں گے۔

شہباز شریف کو مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل ہے۔

اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے بھی سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کی کامیابی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی، جمعیت علما اسلام سے حمایت مانگی ہے تاہم جے یو آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سے قبل لیگی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارلیمنٹ ہاؤس چیمبر میں سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی اسد قیصر ، علی محمد خان،عامر ڈوگر ، جنید اکبر نے عمر ایوب کے کاغذات جمع کرائے۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نعرے لگاتے ہوئے اسپیکر آفس پہنچے۔ اسپیکر ایاز صادق نے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس دن گیارہ بجے ہوگا۔ قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والے کو نیا وزیراعظم پاکستان قرار دیا جائے گا۔