پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاق سے خیرات نہیں اپنا حصہ مانگیں گے، ساڈا حق اتھے رکھ یہ میرا نعرہ ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی شمولیت پر لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی ہے، پارٹی شمولیت کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ معاشی بحران ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے، نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار دیں گے۔
پی ٹی آئی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
وکیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ایک مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لیے آئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں درج مقدمے میں راہداری ضمانت کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہوں راہداری ضمانت دی جائے اور درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔