کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا اور سائٹ سپرہائی وے پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 22 مدینہ کالونی کالی تبی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا.

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ عزیزاللہ ولد سید نوراللہ کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،زخمی حالت میں گرفتار ملزم نے اپنے فرار ہونے والے ساتھی کا نام بیدک بتایا ہے۔

گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کی جائے گی۔

سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شاد باد موڑ کے قریب سے مبینہ مقابلہ کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 32 سالہ عظمت اللہ ولد شیر علی کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل اور نقدی برآمد کی گئی۔