PPPP PMLN PTI

وزیراعظم کیلئے ہمارے امیدوار بلاول بھٹو زرداری ہیں، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ دیکھتے ہیں آگے مشاورت میں کیا ہوتا ہے، آگے کا لائحہ عمل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) میں طے ہوگا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی، قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کیلئے سیاسی تعاون پر اتفاق کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین نے اصولی اتفاق کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی دوسری ملاقات ہوئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے شہباز شریف کی قیادت میں بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری اور بلاول بھٹوسے ملاقات کی۔

پی پی قیادت نے لیگی قائدین کو بتایاکہ مسلم لیگ ن کی تجاویز سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے۔

ادھر پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مشترکہ صدارت میں آج زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔

ترجمان کے مطابق مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں سے رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا اور حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔