آج دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں، مصطٰفی کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 8 سال پہلے میری قوم کے نام پر جو کچھ کیا جاتا تھا اس پر قوم کو جواب دینا پڑتا تھا۔ آج یہ وہی جناح گراؤنڈ ہے جہاں سے پاکستان اور پاکستانیوں کی بات ہو رہی ہے۔

جناح گراؤنڈ کراچی میں یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہاں سے جانے کے بعد انسان انسان کا دوست بنے گا، کسی کو مارنے کی بات نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان طعنے دیتا تھا کہ یہ شہر اور مینڈیٹ ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں۔ ایک ہیلو کی آواز آئے گی اور سب چھن جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والوں نے بتادیا کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ پورا سندھ ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے آئے گا۔ شہر میں سات سو سے زائد نوجوانوں کو بازیاب کروایا، انکا مقدمہ لڑا۔ میں نے اس قوم کی خاطر اپنی پارٹی ختم کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرپور خاص میں مجھ پر پتھراؤ کیا گیا، ساتھیوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ آج رب نے مجھے میری پارٹی کو فتح دے دی ہے۔ آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں۔