Election 2024

پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے ایکسپو سینٹر کے باہر دھرنا دے دیا

ویب ڈیسک
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کے طرز عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے ایکسپو سینٹر کے باہر دھرنا دیا۔

سعید غنی نے ایک نجی اخباری ذرایع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں پتا کہ آج کراچی میں کیا ہوا ہے، پورا دن موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند تھی، ہمارا کسی سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں ایک عمارت میں عرفان اللہ مروت کے کچھ بندے گھسے اور انہوں نے پریذائیڈنگ افسر سے بیلٹ پیپر کی چار کتابیں چھینیں اور افسر نے مانا کہ مجھ سے گن پوائنٹ پر چھین کر لے کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عمارت میں چار پولنگ اسٹیشن ہیں اور بعد میں اطلاع یہ آئی اس پر عرفان اللہ مروت کے بدمعاشوں نے قبضہ کر لیا ہے، اگر اس قسم کی صورتحال ہو تو ہم کس کو بتائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پورے دن انٹرنیٹ اور موبائل بند کروا کے اس الیکشن پر بہت سارے تحفظات اٹھا دیے ہیں اور اگر آر اوز امیدوار کی دسترس سے باہر ہوں گے تو میں کہاں جا کر اپنی شکایات درج کراؤں گا، مجھے سمجھ نہیں آ رہی تو ہم اس لیے یہاں بیٹھے ہیں۔