ملکی حالات میں ن لیگ، بانی پی ٹی آئی کا حصہ برابر ہے، شرجیل میمن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں ن لیگ اور بانی پی ٹی آئی کا حصہ برابر ہے۔

ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت چاہتی ہے مخالفین کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت چاہتی ہے صرف انہیں الیکشن لڑنے کا موقع ملے، وہ تو تمام مخالفین کا صفایا چاہتی ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ن لیگ والے چاہتے ہیں اکیلے گھوڑے کی طرح میدان میں اتریں اور جیتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کی معیشت کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے، ملک جن حالات سے دوچار ہے، اس میں ن لیگ کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا بانی پی ٹی آئی کا ہے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ اداروں کو برباد کرنے اور انتخابات کو ہمیشہ متنازع بنانا بھی ن لیگ کی تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی نام نہاد کارکردگی کے پیچھے اسحاق ڈار کی بدترین پرفارمنس، بجلی بل اور مہنگائی کا بوجھ ہے۔