کراچی میں بارش؛ انتظامیہ کی غلفت سے پانچ بیٹیوں کا باپ جاں بحق

کراچی: بلدیہ ٹاؤن نمبر دو کے نالے سے45 سالہ شہری کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جبکہ بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی ہوگئے۔

سائٹ بی تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر دو کے نالے سے45 سالہ محمد خورشید عالم کی ڈوبی ہوئی لاش ملی۔ متوفی کی شناخت سید محمد فخرعالم ولد سید محمد خورشید عالم کے نام سے ہوئی، متوفی بلدیہ ٹاؤن سیکٹر فائیو-ایل کے رہائشی اورسائٹ ایریا میں کوثر ڈائنگ نامی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے.

ایس ایچ اوسائٹ بی محمد مسعود نے شبہ ظاہر کیا کہ متوفی بارش کے دوران پاؤں سلپ ہونے سے نالے میں جا گرے اور ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، متوفی پانچ بیٹیوں کا باپ تھا۔

علاوہ ازیں لائنز ایریا کے علاقے جٹ لائن بادام بیکری کے قریب ایک شخص کو کرنٹ لگا، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

متوفی کی شناخت 19 سالہ دلاور کے نام سے کی گئی، اس حوالے سے بتایا گیا کہ متوفی کو بارش کے دوران بجلی کے تار سے کرنٹ لگا تھا۔