پلوشہ خان نے عطا تارڑ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر پلوشہ خان نے ن لیگی امیدوار عطا تارڑ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں پی پی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ عطا تارڑ نے پی پی امیدوار کے دفتر پر حملہ کرکے غنڈہ گردی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی 160 پر میاں مصباح پی پی کے امیدوار ہیں، دفتر پر حملہ، لوٹ مار اور کارکن کا اغوا الیکشن کمیشن کےلیے ٹیسٹ کیس ہے۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی یقینی کامیابی پر مریم نواز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ این اے 127 کے ن لیگی امیدوار عطا تارڑ نے اپنے مخالف امیدوار کے دفتر پر حملے کیا، انہیں گرفتار کیا جائے۔

پلوشہ خان نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ غنڈہ گردی سے انتخابات چوری کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔