سعید غنی کی مصطفیٰ کمال کے الزامات کی سخت مذمت

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مصطفیٰ کمال کے الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دھمکی آمیز رویہ اور گالم گلوچ کا انداز بہت خراب ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ یہ شہر میں افراتفری چاہتے ہیں، امن و امان خراب ہو رہا ہے۔

سعید غنی نے نگراں حکومت سے گزشتہ روز کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کو انہوں نے اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، یہ دوبارہ سے بانی متحدہ کی دہشت کی سیاست کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی میٹنگ میں ایم کیو ایم کے دہشت گرد گھسے، جو چیزیں سامنے آ رہی ہیں اس سے یہ خود بے نقاب ہوں گے، تمام شواہد کا مشاہدہ کیا جائے، پھر فیصلہ ہو کہ واقعے کی ذمے داری کس پر ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ مچھر کالونی میں جب واقعہ ہوا تو الزام پیلپز پارٹی پر لگایا، بعد میں ان کو پتہ چلا وہ بندہ اے این پی کا تھا اور اس نے خود اقرار کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ایم کیو ایم الیکشن سے بھاگی تو اس کی ذمے دار وہ خود ہو گی، بلاول نے مباحثے کی اچھی روایت قائم کرنے کی کوشش کی، فرمائش پر مناظرہ کرنا ہے تو پنجاب کی بہت سی جگہ ہمیں بھی پتہ ہے۔