PTI PPPP

بلاول کے حق میں دستبردار ہونے پر پی ٹی آئی کا سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس

لاہور: تحریک انصاف کے سینیٹر اور این اے 194 سے پی ٹی آئی امیدوار سیف اللہ ابڑو نے پیپلز پارٹی کے حق میں دست بردار ہونے کا اعلان کیا، جس پر تحریک انصاف کی قیادت نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ملاقات کی جس میں انتخابات کے معاملے پر نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے این اے 194 کے انتخابات سے دست برداری کا اعلان کردیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر شیر کا راستہ روکیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بلاول بھٹو کے حق میں دستبردار ہونے پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب مانگ لیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو جاری ہونے والے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر آپ تین روز میں جواب جمع کرائیں۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے سیف اللہ ابڑو کو ہدایت کی کہ وہ تین دن میں اپنی وضاحت جواب کی صورت میں جمع کروائیں، بصورت دیگر اُن کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔