عام انتخابات؛ آزاد امیدوار پیپلز پارٹی میں آئیں گے، منظور وسان کا دعویٰ

کراچی: پی پی رہنما منظور وسان نے عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں کہا ہے کہ آزاد امیدوار پیپلز پارٹی میں آئیں گے۔

سیاسی پیش گوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا ہے کہ میں نے خواب دیکھا ہے کہ آزاد امیدوار پیپلز پارٹی میں آئیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اچھاہےبانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، اگر باہر ہوتے تو الیکشن لڑنے کے لیے انہیں کوئی امیدوار بھی نہ ملتا۔ عام انتخابات میں پی ٹی آئی 30 یا 40 سیٹیں لے سکتی ہے۔

مسلم لیگ ن کے حوالے سے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے کہ الیکشن کے وقت ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے لیے اختلافات سامنے آئیں۔

منظور وسان نے کہا کہ نواجوان70سالہ شخص کو ووٹ دینے کے بجائےبلاول بھٹو زرداری کوووٹ دیں، کیوں کہ یہ دور نوجوانوں کا ہے بلاول بھٹو زرداری نوجوان ہیں۔ مجھے محسوس ہورہا ہے کہ جیت پیپلزپارٹی کی ہے۔ ملک میں عام انتخابات صاف شفاف ہونے چاہییں۔