PML

لیگی رہنما میاں نوید علی کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما میاں نوید علی نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر عام انتخابات 2024 میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب کے ضلع پاکپتن سے تعلق رکھنے والے سابق لیگی ممبر پنجاب اسمبلی میاں نوید علی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراض ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں میاں نوید علی کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہماری وفاداریاں نظرانداز کر کے چوہدری جاوید کو ٹکٹ دی، جب کوئی فرنٹ پیج پر نہیں آرہا تھا تو میرے والد نے پارٹی کا ساتھ دیا، ن لیگ کیلئے ہم نے ظلم و زیادتی برداشت کیں اور جیلیں بھی دیکھیں۔

میاں نوید علی کا کہنا تھا کہ 10سال تک پارٹی کو سنبھالا لیکن پارٹی کو شاید کچھ اور ہی عزیز تھا، پارٹی نے میرے ساتھ وفا نہیں کی لیکن ہم الیکشن جیت کر بھی وفا کریں گے۔