غزہ میں مزید 2 صحافی شہید؛ مجموعی تعداد 109 ہوگئی

غزہ: اپنی کار میں سوار الجزیرہ کے 2 صحافی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے اس طرح 7 اکتوبر سے تاحال غزہ میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مارے گئے صحافیوں کی تعداد 109 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں آج شہید ہونے والے دو صحافیوں میں سے ایک الجزیرہ کے بیوروچیف وائل الدحوث کے بیٹے حمزہ ہیں جب کہ دوسرے صحافی کی شناخت مصطفیٰ ثوایا کے نام سے ہوئی۔

الجزیرہ نیوز کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ صحافیوں کی کار کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا تاکہ اسرائیل کے مظالم کو چھپایا جا سکے اور حقائق دنیا کے سامنے نہ آسکیں۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے دنیا بھر کی صحافی یونینوں، انسانی حقوق اداروں اور قانون پسندوں سے کہا کہ وہ اسرائیل کے اس سنگین جرم کی نہ صرف مذمت کریں بلکہ اس جارحیت کے خلاف حقائق جاننے کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کریں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد 109 ہوگئی جب کہ 21 صحافی گرفتار، 3 لاپتا اور 16 زخمی ہیں۔

دوسری جانب سے 7 اکتوبر سے غزہ پر بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 725 سے تجاوز گئی جب کہ 58 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔