نیوارک میں مسجد کے باہر فائرنگ سے حسن شریف جاں بحق

امریکی سٹیٹ نیوجرسی کے شہر نیوارک میں ایک حملہ آور کی فائرنگ سے حسن شریف نامی امام مسجد جاں بحق ہوگیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح 6:15 بجے کے قریب ساؤتھ اورنج ایونیو اور کیمڈن اسٹریٹ کی مسجد محمد نیوارک میں فائرنگ کی اطلاع ملی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا جس کی شناخت امام حسن شریف کے نام سے ہوئی ، بعدازاں ، اسے تشویشناک حالت میں یونیورسٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم، بدھ کی دوپہر کے بعد ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کی ترجمان لیزا فاربسٹین نے کہا کہ حسن شریف 2006 سے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی آفیسر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، ہمیں ان کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے اور ہم ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے تعزیت کرتے ہیں۔

افسران نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والا شخص امام تھا اور یہ واقعہ ایک مسجد کے باہر پیش آیا جس کی تفتیش جاری ہے۔

ایک نیوز کانفرنس میں ریاست کے اٹارنی جنرل میٹ پلاٹکن نے کہا کہ تفتیش کاروں کو ابھی تک حملہ آور کا مقصد معلوم نہیں ہوا،اگرچہ ہم ابھی تک اپنی تحقیقاتی کوششوں کی پیشرفت پر بات کرنے کے لیے آزاد نہیں ہیں، لیکن اب تک جمع کیے گئے شواہد اس بات کی نشاندہی نہیں کرتے کہ یہ تعصب یا دہشت گردی کی کارروائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مان لیا جائے کہ یہ اسلامو فوبک واقعہ ہے تو یہ ریاست نیو جرسی میں مکمل طور پر قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے اور ہمیں جو بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہوگی وہ ہم کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے پورے امریکہ میں اسلامو فوبک واقعات میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔