شارجہ سے آنے والی خاتون مسافر سے 23 آئی فونز برآمد

کراچی: پاکستان کسٹمز نے جناح ٹرمینل ارائیول پر کارروائی کرتے ہوئے آئی فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور خاتون مسافر سے آئی فونز پرو برآمد کرلیے۔

ایک نجی اخباری ذرایع کے مطابق خاتون مسافر نے 23 آئی فونز اپنے جسم کے ساتھ باندھے ہوئے تھے، جن کی مالیت 92لاکھ روپے ہے۔

آئی فونز اسمگل کرکے 42لاکھ روپے کی ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کی جارہی تھی۔ خاتون مسافر شارجہ سے ائیرعربیہ کی پرواز G9-542 کے ذریعے کراچی پہنچی تھی۔

گرین چینل سے گزرنے پر سامان کے بارے میں استفسار کیا گیا۔ سامان کی تلاشی پر موبائل فونز کے خالی ڈبوں اور گرافکس کارڈ کی نشاندہی ہوئی۔

لیڈی سرچر نے جسمانی تلاشی لی تو جسم سے بندھے آئی فونز کی نشاندہی ہوئی۔ مقدمہ درج کرکے خاتون مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔