PPPP

حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول

نواب شاہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں موجود تاریخی بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔

نواب شاہ میں کیڈٹ کالج بختاور برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پرانے سیاست دان پاکستان کا ماضی ہیں اور آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، نفرت گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کریں تو ہم ضرور ترقی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخی بے روزگاری، غربت، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، جس خاندان کے دو فرد کام کر رہے ہیں اور ان کی تنخواہ دس سال قبل دس ہزار تھی تو ان کا گزارہ ہوجاتا تھا، آج کے معاشی صورتحال میں اس خاندان کا گزارہ کرنا مشکل ہے، ان حالات میں عام آدمی اپنا بجلی کا بل دے یا بچوں کو تعلیم دے؟

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم ان شاء اللہ یہ وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے۔